حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے جامعہ العروۃ الوثقیٰ لاہور میں سربراہ تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات اور جامعہ کے تمام اداروں کا دورہ کیا۔

ملاقات میں سیکرٹری جنرل جماعتِ اسلامی پاکستان امیر العظیم، امیر جماعتِ اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری، سربراہ تعلقات عامہ جماعت اسلامی سید لطیف الرحمٰن شاہ اور سمیع اللہ شیر پاؤ بھی شریک تھے۔

اس موقع پر امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنے وفد کے ہمراہ جامعہ العروۃ الوثقیٰ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، جہاں علامہ سید جواد نقوی نے انہیں جامعہ کے امور اور شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران پاکستان بالخصوص معاشرے کے دینی، تعلیمی اور سماجی چیلنجز، امتِ مسلمہ کو درپیش فکری و اخلاقی بحران اور موجودہ حالات میں دینی قیادت کے کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر غزہ کی سنگین انسانی صورتحال، فلســطینی عوام پر جاری مـظالم اور عالمِ اسلام کی اجتماعی ذمہ داری پر بھی گفتگو ہوئی اور مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر نے اپنے دورے کے دوران، جامعہ عروۃ الوثقی کے طلبہ سے بھی خطاب کیا، جس میں انہوں نے نوجوانوں کو دینی شعور، اخلاقی ذمہ داریوں، سماجی خدمت اور امت کے اجتماعی مسائل بالخصوص غــزہ کے حوالے سے بیداری اور عملی کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے طالب علم کو علم کے ساتھ دردِ امت اور حق گوئی کا شعور بھی اپنے اندر پیدا کرنا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے علامہ سید جواد نقوی کی جانب سے وحدتِ امت، مشترکہ دینی جدوجہد اور فکری، تعلیمی و قومی استحکام سے متعلق خیالات کو سراہا اور انہیں امتِ مسلمہ کے لیے ایک واضح اور مضبوط پیغام قرار دیا۔
امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنے وفد کے ساتھ جامعہ کے مختلف تعلیمی منصوبوں، مرکزی کتب خانہ، مکتبۃ الکتاب المبین، مسجد البیت العتیق اور جامعہ اُم الکتاب (برائے خواتین) کا دورہ کیا اور ان تمام منصوبوں کو ایک ہمہ جہت علمی، فکری اور دعوتی مرکز قرار دیتے ہوئے اس عظیم منصوبے پر دلی تحسین و قدردانی کا اظہار کیا۔









آپ کا تبصرہ